اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں توانائی، تجارت اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ماہرین ایران کا دورہ کرکے وہاں کے بجلی کے نظام اور نیشنل گرڈ کا جائزہ لیں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے مستحکم، قابل اعتماد اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ دوسری پاک۔ایران ٹرانسمیشن لائن پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کو فراہم کی جانے والی 100 میگاواٹ بجلی کے معاہدے میں توسیع کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ایرانی سفیر نے بتایا کہ تہران میں ہونے والے مشترکہ کمیشن اجلاس میں پاکستانی توانائی کمپنیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے زراعت، خوراک اور تجارت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کا ذکر کیا۔