لاہور: نشانِ حیدر کے حامل ہیرو میجر شبیر شریف شہید کا 54واں یومِ شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر قوم نے 1971ء کی جنگ میں غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے بہادر سپوت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
میجر شبیر شریف شہید نے جنگِ 71ء کے دوران دشمن کی پیش قدمی روکتے ہوئے بے مثال دلیری کا ثبوت دیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی شجاعت کی داستان آج بھی پاک فوج کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
یومِ شہادت کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی میجر شبیر شریف شہید کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ہیروز کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
شہید کی یاد میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے عزمِ نو کا اظہار کیا گیا۔