ممبئی: بھارت میں فضائی سفر مسلسل چوتھے روز بھی شدید خلل کا شکار رہا، جب انڈیگو ایئرلائن نے اپنی تقریباً 500 پروازیں منسوخ کر دیں، جن میں نئی دہلی سے جانے والی تمام پروازیں شامل تھیں۔ اس صورتحال کے بعد بھارتی حکومت نے انڈیگو ایئرلائن کے لیے خصوصی ریلیف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی حکام نے فضائی سفر کے حفاظتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں، جن کے تحت پائلٹس کے پرواز کے اوقات محدود کیے گئے ہیں اور رات کے وقت پروازوں پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ تاہم، انڈیگو نے تسلیم کیا ہے کہ وہ یکم نومبر سے نافذ ہونے والے ان ضوابط کے مطابق تیاری نہیں کر سکی تھی، اور دسمبر میں فضائی سفر کے عروج کے باعث اس بحران کی شدت بڑھ گئی، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔
دنیا کی سب سے بڑی ڈومیسٹک ایئرلائن، جو بھارت میں فضائی سفر کا تقریباً 60 فیصد حصہ فراہم کرتی ہے، انڈیگو نے اپنے مسافروں سے معذرت کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں اس نے سنگین آپریشنل بحران کا سامنا کیا، اور اگرچہ یہ مسئلہ فوراً حل نہیں ہو سکے گا، لیکن مسافروں کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بھارتی سول ایوی ایشن حکام نے انڈیگو کی درخواست پر ایئرلائن کو نئے ضوابط سے عارضی استثنیٰ دے دیا ہے تاکہ وہ اس بحران سے نکل سکے۔