کلاسیکل موسیقی کے گھرانوں میں بیٹا باپ کی شاگردی نہیں کر سکتا، شفقت امانت علی خان

Neo News Program G Sarkar, Noman Ijaz, shafqat amanat ali khan and son

لاہور: سریلی آواز کے مالک پاکستان  کے معروف گلوکار امانت علی خان اور ان کے بیٹے سعادت علی بخش نے پروگرام میں مزاح سے بھر پور گفتگو کر کے سب کو اپنا دیوانہ بنا لیا۔ جی سرکار کے میزبان نعمان اعجاز کے دلچسپ سوالوں نے پروگرام کو چار چاند لگا  دئیے۔ 

نیو نیوز کے پروگرام ’’جی سرکار‘‘ میں پاکستان کے معروف گلوکار اور پٹیالہ گھرانے سے تعلق رکھنے والے امانت علی خان اپنے صاحبزادے سعادت علی بخش کے ساتھ جی سرکار میں تشریف لائے۔ والد کے ساتھ سکرین پر آنے کے حوالے سے سعادت علی بخش نے بتایا کے انکے لیے یہ عزت اور تکریم کی بات ہے۔ 

اس موقع پر بچوں کے میڈیا میں آنے کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلی کے متعلق شفقت امانت علی خان کا کہنا تھا کے اب وہ پہلے سے زیادہ محتاط اور فکر مند ہیں۔ جس سمت میں بچے جا رہے ہوں اس سمت جانے دینا چاہیے لیکن ایک سپروائزر کی حیثیت سے انہیں گائیڈ ضرور کرنا چاہیے۔

سیکھنے کے حوالے سے شفقت امانت علی نے بتایا کے انکا بیٹا استاد اختر علی خان صاحب اور چچا استاد حامد علی خان صاحب سے باقاعدہ موسیقی کی تعلیم لے رہا ہے کیونکہ کلاسیکل موسیقی کے گھرانوں میں بیٹا اپنے باپ کی شاگردی نہیں کر سکتا اور خود شفقت امانت علی نے بھی اپنے دادا اور انکے انتقال کے بعد اپنی دادی سے سیکھا جو کہ بہت اچھا گاتیں تھیں۔

کسی اور شعبے میں جانے کے متعلق سوال پر شفقت امانت علی کا کہنا تھا کہ انکے خاندان کی ٹریننگ ایسی ہے کے بچے موسیقار کے علاوہ کچھ بننا ہی نہیں چاہتے۔ موسیقی کے ساتھ، ساتھ وہ کچھ اور کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔ 

ریاض کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سعادت نے بتایا کے چونکہ والد صاحب اکثر ٹورز پر ہوتے ہیں تو وہ اپنے بڑے کزنز اور چچا کے ساتھ ریاض کرتے ہیں۔ 

اس دوران نعمان اعجاز نے بتایا کے وہ اپنے بیٹے سے گھر میں اداکاری کے متعلق سوالات کرتے رہتے ہیں تاکہ انکی قابلیت جانچیں تو اس حوالے سے شفقت امانت علی نے بتایا کے وہ بھی سعادت سے ایسے گائیکی کے متعلق سوالات کرتے ہیں تاکہ اگر باہر کوئی ان سے ایسے سوالات پوچھے تو انہیں آتے ہوں۔ 

شو کے مزاج کے عین مطابق شفقت امانت علی نے بھی خوبصورت چٹکلے چھوڑے اور فوج میں جانے کی ٹریننگ کے متعلق ایک دلچسپ قصہ بھی سنایا۔ گانوں کے متعلق بات کرتے ہوئے سعادت نے بتایا کہ انکا گھرانہ ہمیشہ جدت کا خواہاں رہا ہے اور وہ بھی گائیکی کو نئے انداز سے اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی خوبصورت آواز  سے شو میں سُر بکھیرے اوربھرپور فرمائش پر شفقت امانت علی نے بھی اپنا مشہور گیت " متوا" گنگنایا۔