اسلام آباد : اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 17 فروری تک توسیع کر دی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے 9 مئی اور دیگر پانچ مقدمات میں دونوں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کی عدم موجودگی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر دلائل نہیں ہو سکے، جس کے بعد عدالت نے دونوں کی ضمانتوں میں مزید توسیع کر دی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں سمیت دیگر مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی جعلی رسیدیں جمع کرانے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔