لاہور، فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر آتشزدگی، سعد رفیق بھی زخمی

لاہور، فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر آتشزدگی، سعد رفیق بھی زخمی
کیپشن: سعد رفیق ایمرجنسی فون کال کرتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے معمولی زخمی ہوئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور کی کیمپ جیل میں ن لیگ کے رہنما فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر آتشزدگی کے واقعے میں سابق وفاقی وزیر اور ممبر قومی اسمبلی سعد رفیق بھی زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق کیمپ جیل لاہور میں نیب کی بیرک میں آگ لگی۔ آگ نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی بیرک کے باہر لگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق ایمرجنسی فون کال کرتے ہوئے سر پر چوٹ لگنے سے معمولی زخمی ہوئے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ جیل کے عملے نے آگ پر قابو پایا اور ریسکیو ٹیم نہیں بُلائی گئی۔

خیال رہے کہ دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں 5 جولائی 2018 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

خواجہ سعد رفیق کو بھی نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں 11 دسمبر 2018 کو حراست میں لیا تھا۔ اس وقت بھی دونوں لیگی رہنما نیب کی تحویل میں ہیں اور ان کے خلاف مقدمات چل رہے ہیں۔