صادق سنجرانی بڑی روانی سے ایوان کو چلارہے ہیں, شبلی فراز

صادق سنجرانی بڑی روانی سے ایوان کو چلارہے ہیں, شبلی فراز


اسلام آباد : سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بڑی روانی اور سنجیدگی سے ایوان کو چلارہے ہیں کیونکہ اس پلیٹ فارم سے بڑے پیمانے پر قانون سازی ہوئی ہے ۔

انہوں نے جمعہ کوایک نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی کیوں بات کر رہی ہیں کیونکہ وہ بہترین قومی مفاد میں کام کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حزب ا ختلاف کی جماعتیں آصف علی زرداری اور نوازشریف کے خلاف احتساب کے عمل کو روکنے کے لئے دباو¿ کی حکمت عملی استعمال کر رہی ہیں کیونکہ دونوں بدعنوانی کے الزامات میں جیل میں قید ہیں ۔

شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب میں صادق سنجرنی کی حمایت کی تھی کیونکہ ہم چاہتے تھے کہ بلوچستان سے کسی شخص کو یہ عہدہ ملے حالانکہ سنجرانی پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ کی چیئرمین کے لئے رضا ربانی ، رحمان ملک اور سلیم مانڈوی والا سمیت تین نام پیش کئے ہیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ نواز ا بھی تک کسی ایک نام پر بھی متفق ہونے میں ناکام رہی ہے ۔

سینیٹر نے کہا کہ صادق سنجرانی کو عہدہ سے ہٹانے کوجمہوریت کے خلاف سازش سمجھا جائے گا۔