اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو باطل کے خلاف ایک ابدی جدوجہد کی علامت ہے۔
صدر کا کہنا تھا کہ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ صداقت، عدل، قربانی اور خدا کی رضا کا ایک الٰہی مشن تھا۔ امام حسینؓ نے دین کی اصل روح، ضمیر اور کردار کا جو امتحان کربلا کے میدان میں دیا، وہ رہتی دنیا تک انسانیت کو سچ کے لیے لڑنے کا حوصلہ دیتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ امام عالی مقامؓ کا پیغام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ اصولوں پر ڈٹ جانا اور ظلم و جبر کے آگے نہ جھکنا ہی اصل کامیابی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج جب پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں امام حسینؓ کے کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں بطور قوم یہ عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو امام حسینؓ کے پیغامِ عدل، حریت اور اصول پسندی کا عکس بنائیں گے۔