Get Alerts

سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں، ڈس انفارمیشن جمہوریت کیلئے خطرہ: صدر زرداری اور وزیراعظم کا عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر پیغام

سچائی کے بغیر امن ممکن نہیں، ڈس انفارمیشن جمہوریت کیلئے خطرہ: صدر زرداری اور وزیراعظم کا عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر پیغام

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 'عالمی یومِ آزادیِ صحافت' منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے صحافتی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے معاشرے کی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے صحافت کے کردار کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے خصوصی پیغام میں سچائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا    سچائی کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے، اور اس مقصد کے حصول میں صحافت کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔صدر زرداری نے خبردار کیا کہ "ڈس انفارمیشن" (غلط معلومات) جمہوری مکالمے کو مسخ کر رہی ہے، جس کا مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے صحافیوں کو معاشرے کا روشن چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا    صحافی معاشرے میں شعور اور آگاہی پھیلانے کی ضمانت ہوتے ہیں۔ کسی بھی جمہوری معاشرے میں آزاد صحافت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
آج کے دن کا مقصد صحافت کی آزادی کے بنیادی اصولوں کا جشن منانا، دنیا بھر میں آزادیِ صحافت کی صورتحال کا جائزہ لینا اور ان صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں قربان کیں۔
پاکستانی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ایک مضبوط اور شفاف جمہوریت کے لیے آزاد میڈیا کا ہونا لازمی ہے، تاہم ذمہ دارانہ صحافت اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ ہی معاشرے کو ڈس انفارمیشن کے سیلاب سے بچا سکتی ہے۔

ٹیگز: