اسلام آباد : صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں پاکستان کے امن و انصاف کے اصولوں پر غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان دنیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور عالمی و علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو عالمی برادری سراہے۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں بھارتی غیر قانونی زیرِقبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری انسانی المیوں کو نہ نظرانداز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن تب تک ممکن نہیں جب تک ان خطوں کے عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت نہ دیا جائے۔
وزیرِاعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر امن، انصاف اور انسانیت کے قیام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرے۔