اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انویسٹ پاک پورٹل کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس پورٹل کا بنیادی مقصد ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کو آسان بنانا ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق انویسٹ پاک پورٹل کے ذریعے سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف خدمات میسر ہوں گی، جس سے سرمایہ کاری کے عمل میں شفافیت اور آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ ون ونڈو سہولت کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل میں مزید تیزی آئے گی۔ ان کے مطابق ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔