Get Alerts

پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ کا مکمل حق رکھتا ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی عوام کے تحفظ کا مکمل حق رکھتا ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی:  چیف آف آرمی سٹاف ،چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی، علاقائی صورتحال اور دفاعی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے آغاز میں شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں سے پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کی مبینہ منصوبہ بندی اور ان علاقوں کے مسلسل استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام اس امر سے مشروط ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔ فورم نے کہا کہ اس سلسلے میں افغان طالبان کی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے زیرِ انتظام علاقوں کو دہشت گرد عناصر کے استعمال سے روکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے، جبکہ مسلح افواج آپریشن "غضب للحق" کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
فورم نے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح اور ایسے مضبوط انتظامی نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا جو دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ یقینی بنا سکے۔کانفرنس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ دشمن روایتی محاذ پر ناکامی کے بعد ہائبرڈ وارفیئر اور گمراہ کن بیانیوں کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم بیرونی سرپرستی میں کی جانے والی ہر ایسی کوشش کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
شرکاء نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی بیانات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے 24 اپریل 2025 کے فیصلے اس حوالے سے واضح رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ فورم نے عزم ظاہر کیا کہ افواجِ پاکستان حکومت کی ہدایات اور عوامی امنگوں کے مطابق پاکستان کے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے ایک بار پھر کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام فارمیشن کمانڈرز کو جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد اور ہر قیمت پر پاکستان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ٹیگز: