بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ سے متعلق بڑی خوشخبری 

Govt employee Salary Pension

اسلام آباد:بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی مختلف تجاویزپر غور شروع کر دیا ہے ،اس وقت حکومت پر بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے بہت زیادہ پریشر بھی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 15 اور پنشنر حضرات کی پنشن میں 5 سے 10 فیصد تک اضافہ پر غور شروع کر دیا ہے جس کی منظوری آئی ایم ایف کی شرائط اور کابینہ اجلاس میں ہی دی جائے گی ، اس وقت وفاقی بجٹ 23-2022 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ حکومت کیلئے نیا معاشی چیلنج بن چکا ہے ۔

ذرائع کے مطابق خزانہ ڈویژن نے تنخواہوں میں اضافے کیلئے 3 تجاویز تیار کر لیں، مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 15 فیصد اضافے پر غور کیا جارہا ہے،خزانہ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق پہلی تجویز کے تحت گریڈ ایک سے 19 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے10 فیصد ایڈ ہاک الاؤنس کی مد میں اضافے پر غور جاری ہے۔

دوسری تجویز کے تحت گریڈ 20 تا 22 کے ملازمین کیلئے 10 سے 15 فیصد جبکہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کیلئے پنشن میں 5 سے 10 فیصد اضافے پر غور ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ پے اینڈ پنشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ حکومت کو تاحال موصول نہیں ہوئی۔

حکومت نے پے اینڈ پینشن کمیشن کو جلد رپورٹ تیارکر کے خزانہ ڈویژن کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تنخواہوں اور پینشن میں اضافے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف سے مشروط ہے۔