Get Alerts

عیدالاضحیٰ پر اسلام آباد پولیس کا سیکیورٹی پلان جاری

عیدالاضحیٰ پر اسلام آباد پولیس کا سیکیورٹی پلان جاری

اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی کا جامع پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد کے مطابق شہر بھر میں سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے 3000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

فیصل مسجد سمیت تمام اہم مساجد اور عیدگاہوں پر خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید کے دنوں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک اسکواڈ بھی تعینات ہوگا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ڈولفن فورس کے اہلکار گشت پر مامور رہیں گے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کی کوئیک رسپانس ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔ اس کے علاوہ تفریحی مقامات پر بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ تمام زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہر کی نگرانی کے لیے سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پکار 15 پر دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی چیکنگ کے دوران پولیس سے مکمل تعاون کریں، کیونکہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

ٹیگز: