اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے محرم الحرام کے سیکیورٹی و انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں اسلام آباد میں مجالس اور جلوسوں کے دوران کیے گئے سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد میں محرم کے دوران 181 جلوس اور 965 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جن کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ یقینی بنائی جائے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں سے مجالس و جلوسوں کی نگرانی جدید ٹیکنالوجی سے کی جائے گی۔ ہر مقام کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے اور اشتعال انگیز مواد پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ سوشل میڈیا کی بھی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے آرام، خوراک اور شفٹ سسٹم کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت بھی دی تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی ڈیوٹی انجام دے سکیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے کسی بھی ناپاک ارادے کو ناکام بنانے کیلئے فول پروف اقدامات لازم ہیں۔ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کروائی جائے۔
اجلاس میں وزیر مملکت طلال چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جیز، ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔