Get Alerts

محرم الحرام میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، محسن نقوی

 محرم الحرام میں امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے مقامات کی جیو ٹیکنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کی مؤثر نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ "محفوظ محرم" کے نام سے خصوصی موبائل ایپ تیار کی گئی ہے، جس کا مقصد مجالس اور جلوسوں کی نگرانی، سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطے اور ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ٹیگز: