لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل، کوارڈینیٹر وزیر اعظم و قومی پیغامِ امن کمیٹی حکومتِ پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ الحمدللہ ملک بھر میں محرم الحرام کے ایام امن و امان، سلامتی اور رواداری کے ساتھ گزر رہے ہیں، اور پورے ملک میں 'پیغامِ پاکستان' ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے حوالے سے جو چند شکایات موصول ہوئی ہیں ان پر قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ کل جمعۃ المبارک کے خطبات، مجالس اور کانفرنسیں 'پیغامِ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ، پیغامِ امن و سلامتی، وحدت و اتحاد اور رواداری' کے عنوان پر منعقد ہوں گی۔
حافظ طاہر اشرفی نے تمام مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ، ذاکرین، واعظین، خطباء اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ تحمل، برداشت اور رواداری کا راستہ اپناتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی قسم کے شر پسند کو شرپسندی کا موقع نہ دیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیس اور سلامتی کے اداروں سے بھرپور تعاون کیا جائے، جلوسوں کے روٹ اور وقت کا خاص خیال رکھا جائے اور باہمی مفاہمت، رواداری اور محبت سے ذکرِ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کہیں بھی کوئی مشکل پیش آتی ہے تو فوری طور پر مقامی انتظامیہ، مقامی پولیس اور امن کمیٹیوں کے ممبران کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے۔ قومی پیغامِ امن کمیٹی اور اس سے منسلک صوبائی امن کمیٹیاں تمام مکاتبِ فکر کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔