نئی دہلی : بھارت کے ممتاز تجزیہ کار اور ییل یونیورسٹی کے سابق پروفیسر سوشانت سنگھ نے "آپریشن سندور" اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی حکومت اور عسکری قیادت کی شفافیت اور حکمت عملی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کے حالیہ بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فضائیہ کو ہونے والے نقصان کا اعتراف تو کیا گیا، لیکن اصل اعداد و شمار کو غیر اہم قرار دینا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔
سوشانت سنگھ کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے بغیر فضائی حدود کی خلاف ورزی کیے بھارتی طیارے مار گرائے، جو تکنیکی لحاظ سے ایک اہم کامیابی ہے۔ اس کے باوجود، بھارتی حکومت نے نقصان چھپانے کی کوشش کی اور اطلاعاتی سطح پر بھی مؤثر مؤقف پیش نہ کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی خاموشی اور داخلی سطح پر بیانیے کا فقدان بین الاقوامی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ دوسری جانب، پاکستانی حکام نے عالمی میڈیا کے سوالات کے بروقت اور مدلل جوابات دے کر اپنا مؤقف مضبوطی سے پیش کیا۔
سوشانت سنگھ نے یہ بھی کہا کہ "آپریشن سندور" کے حوالے سے واضح معلومات فراہم نہ کرنا اور عسکری نقصان پر مبہم مؤقف اختیار کرنا جمہوری اقدار اور شفاف حکمرانی کے اصولوں کے منافی ہے۔ ان کے مطابق، مودی حکومت کی پالیسیوں میں شفافیت کی کمی اور عسکری کامیابی کے دعوؤں میں تضاد اس کی کمزور حکمت عملی کو آشکار کر رہا ہے۔