ملتان: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کی کوشش کی، تو اسے ہم کھلی جنگ تصور کریں گے۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری نے حالیہ کشیدگی میں بھارت کا بیانیہ مسترد کر کے پاکستان کے مؤقف کی تائید کی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پہلگام واقعے پر ہم نے بھارت کو غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن جواب میں بھارت نے جارحیت کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ دنیا کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے بات چیت ہی واحد حل ہے۔
انہوں نے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ بجٹ اجلاس میں عوام کی آواز بنیں اور ترقیاتی عمل میں بھرپور کردار ادا کریں۔