اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں وفاقی وزیر کے آئندہ دورہ تہران کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو دورے کے امور سے متعلق خصوصی گائیڈ لائنز اور رہنمائی فراہم کی۔
نمائندہ نیونیوزاسلام آباد جاوید نور کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کانفرنس کے موقع پر اپنی مختلف اہم ترین ملاقاتوں اور سفارتی امور سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ کے تہران کے اہم ترین دورے کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی گئی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کے ثمرات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں ملک کی مجموعی داخلی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔