Get Alerts

تجارتی بریڈر کے قبضے سے لاکھوں مالیت کے نایاب کاکروچ ضبط

تجارتی بریڈر کے قبضے سے لاکھوں مالیت کے نایاب کاکروچ ضبط

 سڈنی: آسٹریلیا میں حکام نے ایک تجارتی بریڈر کے قبضے سے ایک لاکھ سے زائد زندہ کاکروچ برآمد کر لیے ہیں، جسے ملک کی تاریخ میں غیر ملکی بغیر ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی سب سے بڑی ضبطی قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق یہ کارروائی مئی کے دوران ریاست نیو ساؤتھ ویلز کے شہر باتھرسٹ میں کی گئی، جہاں سے مڈغاسکر ہِسنگ کاکروچز اور ڈوبیا کاکروچز کی بڑی تعداد قبضے میں لی گئی۔ ضبط کیے گئے حشرات کی مجموعی مالیت تقریباً دو لاکھ آسٹریلوی ڈالر، یعنی لگ بھگ چار کروڑ پاکستانی روپے بتائی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مڈغاسکر ہِسنگ کاکروچ دنیا کے بڑے کاکروچوں میں شمار ہوتا ہے اور اس کی لمبائی 5 سے 8 سینٹی میٹر تک ہو سکتی ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری تصاویر میں یہ بھورے رنگ کا بڑا حشرہ انسانی انگلی سے بھی بڑا دکھائی دیتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کاکروچ آسٹریلیا میں عام طور پر پائے جانے والے کاکروچوں سے کہیں بڑے ہیں، کیونکہ مقامی اقسام کی لمبائی عموماً 2.3 سے 3.6 سینٹی میٹر کے درمیان ہوتی ہے۔

ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ آسٹریلیا کا گرم اور مرطوب ماحول کاکروچوں کی افزائش کے لیے انتہائی موزوں ہے، جس کے باعث ملک میں ان کی سینکڑوں اقسام پائی جاتی ہیں۔ حکام اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ غیر قانونی افزائش اور تجارت کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔
 
 

ٹیگز: