ریلیاں روکا جانا ماضی میں نازیوں کی حرکتوں جیسا عمل ہے،ترک صدر

ریلیاں روکا جانا ماضی میں نازیوں کی حرکتوں جیسا عمل ہے،ترک صدر

انقرہ :ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جرمنی کے کئی شہروں میں اپنے حامی ترک شہریوں کی ریلیوں کو روکے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے نازی دور کے اقدام سے تشبیہ دی ہے۔یہ ریلیاں ترکی میں آئندہ ماہ آئینی تبدیلیوں کے لیے ہونے والے ریفرینڈم کے تناظر میں منعقد کی جانی تھیں اور ان کا مقصد جرمنی میں مقیم 30 لاکھ ترک باشندوں کو ووٹ دینے پر آمادہ کرنا تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق استنبول میں خواتین کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر اردوغان نے کہا کہ آپ کے اعمال ماضی کے نازیوں کے عمل سے الگ نہیں ہیں۔رجب طیب اردوغان کا کہنا تھا کہ مجھے لگا تھا کہ جرمنی کافی عرصہ قبل (نازیوں کے عمل) چھوڑ چکا ہے۔ ہمیں غلطی ہوئی تھی۔
صدر اردوغان کا مزید کہنا تھا کہ آپ ہمیں جمہوریت کا درس دیتے ہیں اور پھر اسی ملک کے وزرا کو وہاں بات کرنے نہیں دیتے، جرمنی آرا اور خیالات کا احترام نہیں کر رہا۔