واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ چند ہفتوں میں محدود رہ سکتی ہے یا ضرورت پڑنے پر طویل بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنگ کی ٹائم لائن امریکی حکمت عملی کے مطابق طے کی جائے گی۔
پیٹ ہیگستھ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران میں اپنے فوجی اہداف کو مزید بڑھا نہیں رہا، تاہم ایرانی فضاؤں اور سمندر پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں اپنی افواج اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط کرنے میں کوئی کمی نہیں چھوڑی۔
امریکی وزیر جنگ نے ایران کی جانب سے امریکی فوج کی صلاحیت کے بارے میں غلط فہمی کی نشاندہی کی اور کہا کہ پاسداران انقلاب کو توقع تھی کہ امریکہ جنگ میں آگے نہیں بڑھے گا، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس اسلحہ کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جو مستقبل میں مزید کارروائی کی اجازت دیتے ہیں۔