اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور ملکی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ایسے پٹرول پمپ فوری بند کیے جائیں اور لائسنس منسوخ کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے وزیر پٹرولیم کو بھی ہدایت دی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور عوام کو بلا تعطل فراہمی کے لیے لائحہ عمل تیار کریں۔ انہوں نے ڈیش بورڈ کے ذریعے رئیل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ اور نقل و حمل کی نگرانی بھی کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، اسٹیٹ بینک کے گورنر اور معاونین بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق، ہائی پاور کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی ہفتہ وار قیمتوں کے تعین کے لیے سفارشات تیار کیں، جنہیں وزیراعظم نے منظور کیا۔ ای سی سی کی منظوری کے بعد، وفاقی کابینہ قیمتوں کی حتمی منظوری دے گی۔
مزید برآں، وزیراعظم نے تعلیمی اداروں اور دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم کے پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی دی ہے، جسے وزیر خزانہ صوبوں سے مشاورت کے بعد پیش کریں گے۔