Get Alerts

اکانومی کا پہیہ چلانا بہت ضروری ہے ، تعمیراتی انڈسٹری سے سب سے زیادہ نوکریاں وابستہ ہیں، ایس ایم تنویر

اکانومی کا پہیہ چلانا بہت ضروری ہے ، تعمیراتی انڈسٹری سے سب سے زیادہ نوکریاں وابستہ ہیں، ایس ایم تنویر

لاہور : لاہور میں یونائیٹڈ گروپ کے چئیرمین ایس ایم تنویر نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں ہاؤسنگ سیکٹر اور معیشت کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔

ایس ایم تنویر نے بتایا کہ ورلڈ بینک کے مطابق پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ گھروں کی کمی ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف نے اس مسئلے پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤسنگ انڈسٹری کے لیے ایک پیکج کا اعلان کرنے والے ہیں اور ہماری رائے ہے کہ ان کا اس سال 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ہوناچاہیے۔

چئیرمین یونائیٹڈ گروپ نے معاشی ترقی اور روزگار کے لیے تعمیراتی صنعت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہاؤسنگ سیکٹر سے براہِ راست 50 لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہوتا ہے، اور اگر گھروں کی تعمیر رک جائے تو یہ روزگار متاثر ہوتا ہے۔ 78 صنعتیں، جن میں سیمنٹ، اینٹیں، فرنیچر اور پینٹ شامل ہیں، ہاؤسنگ سیکٹر سے جڑی ہوئی ہیں۔

ایس ایم تنویر نے سرمایہ کاری کے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری میں منافع کم ہونے کی وجہ سے سرمایہ نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 3 لاکھ اضافی گھر بنانا مشکل ہے اور اس کے لیے سب کا تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے ٹیکس کی اصلاحات پر بھی زور دیا اور کہا کہ فائلر، نان فائلر اور لیٹ فائلر کی کیٹیگری فوری ختم کی جانی چاہیے۔ مزید برآں، سرکاری قرض کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی۔

 ایس ایم تنویر نے کہا کہ معیشت کے پہیے کو چلانا اور نوکریاں پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے، اور ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے محنت کی ضرورت ہے۔

ٹیگز: