لاہور:یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سربراہ اور ایف پی سی سی آئی کے رہنما ایس ایم تنویر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ایف پی سی سی آئی کے ڈسٹرکٹ اکانومی کے منصوبے پر فوری عمل درآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ایک جامع معاشی فریم ورک ہے جو ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ نئے صوبے بنانے سے معیشت کو فروغ ملے گا کیونکہ اختیارات کی مرکزیت معیشت کے لیے زہر قاتل ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشی فیصلے مقامی قیادتوں کو دیے جائیں تاکہ ضلعی معیشت کو فعال کیا جا سکے۔ تنویر کے مطابق اگر ضلعی معیشتیں مضبوط نہیں ہوں گی تو ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ جی ڈی پی 411 ارب ڈالر ہے جو دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایلن مسک کی دولت 500 ارب ڈالر سے بھی کم ہے، اور اس کی بنیادی وجہ اختیارات کی مرکزیت ہے۔ ایس ایم تنویر نے ڈسٹرکٹ اکانومی کے منصوبے کو "گیم چینجر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مقامی معیشتوں کی بحالی کے لیے ایک مثبت قدم ہے اور اس سے 200 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ بھی ممکن ہو سکتی ہے۔