کیلیفورنیا: ایلون مسک کی ملکیت میں موجود سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) نے صارفین، خصوصاً کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچرز کریئیٹر سبسکرپشنز پروگرام کا حصہ ہیں، جن کا مقصد کریئیٹرز کو زیادہ فالوورز تک رسائی دینے کے ساتھ ساتھ اضافی آمدنی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
نئے فیچرز میں نمایاں ایکسکلوسیو تھریڈز شامل ہیں، جو دراصل سبسکرپشن پر مبنی مواد فراہم کرنے کا نظام ہے۔ اس فیچر کے ذریعے کریئیٹرز اپنی پوسٹس کو محدود کر سکیں گے، جن تک رسائی صرف سبسکرائبرز کو حاصل ہوگی۔
اس کے علاوہ پلیٹ فارم پر ایک نیا ڈیش بورڈ اور شیئر کیے جا سکنے والے سبسکرپشن کارڈز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن کی مدد سے کریئیٹرز اپنی سبسکرپشن سروس کو زیادہ مؤثر انداز میں فروغ دے سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان سہولیات کے ذریعے کریئیٹرز زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کر سکیں گے اور اپنی پوسٹس کے ذریعے براہ راست آمدنی بھی کما سکیں گے۔
یاد رہے کہ ایکس نے حال ہی میں پیڈ پارٹنرشپ لیبل نامی فیچر بھی متعارف کرایا تھا، جو اسپانسر شدہ مواد والی پوسٹس پر ظاہر ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ایکس کی جانب سے کریئیٹر ریونیو شیئرنگ پروگرام کو 2023 میں عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت صارفین اپنی مقبول پوسٹس کے ذریعے آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔