اعزاز چودھری کی میک ماسٹر سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال

اعزاز چودھری کی میک ماسٹر سے ملاقات، پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال

واشنگٹن: پاکستانی سفیر اعزاز چودھری کی امریکی قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر سے ملاقات ہوئی ہے۔ جس میں پاک امریکا تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان میں قیام امن اور سرحدی استحکام کے امور بھی زیر غور آئے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل میک ماسٹر نے خطے میں استحکام اور خوشحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ اس موقع پر اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ رہے ہیں۔ افغانستان میں امن سے ہی دہشتگردی کیخلاف جنگ کے ثمرات سامنے آئیں گے۔

واضح رہے 25 اپریل کو پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں سفارتی اسناد پیش کیں۔ انہوں نے پاک امریکی تعلقات کی بہتری کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستانی قیادت اور عوام 7 دہائیوں پرمشتمل دوستانہ تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ اعزاز چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نواز شریف کے بارے میں بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں