سندھ، پنجاب میں ایک ہفتے کیلئے سیاحتی مقامات بند کرنے کا اعلان

سندھ، پنجاب میں ایک ہفتے کیلئے سیاحتی مقامات بند کرنے کا اعلان
کیپشن: سندھ، پنجاب میں ایک ہفتے کیلئے سیاحتی مقامات بند کرنے کا اعلان
سورس: فائل فوٹو

کراچی: پنجاب کے بعد سندھ حکومت نے بھی عالمی وبا کی وجہ سے عید کی تعطیلات کے دوران سیاحتی مقامات کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 8 سے 16 مئی تک مری اور پنجاب کے دیگر سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ مری یا دیگر مقامات کا رخ نہ کریں۔

انہوں نے کہا سیاحتی مقامات کو عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور حکومت کے فیصلے پر عمل کریں۔

مزید براں لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت پنجاب بھر میں آٹھ مئی سے مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ صوبے میں ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔

شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پرچیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی، جہاں پولیس کے ساتھ رینجرز اور فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔

سندھ حکومت نے بھی صوبے کے تمام سیاحتی مقامات ایک ہفتے کےلیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق آٹھ مئی سے پندرہ مئی تک بند رہیں گے۔

کینجھر جھیل، مکلی، گورکھ ہل اسٹیشن اور موہنجو داڑو سمیت صوبے کے تمام دیگر مقامات ایک ہفتے کے لیے بند رہیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انسداد کورونا کے ادارے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارش اور وزیراعظم کی اجازت کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے عید کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق عیدالفطر کیلئے 10 مئی سے 15 مئی تک چھٹیاں ہونگی۔ خیال رہے کہ این سی او سی کی جانب سے عیدالفطر کی ایس او پیز پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے عیدالفطر کے حوالے سے جاری گائیڈ لائنز میں ہدایات دی گئی ہیں کہ تعطیلات پر دوسرے شہروں کو جانے والے افراد کیلئے اضافی ٹرینیں سات مئی تک چلائی جائیں گی، آٹھ مئی سے شاپنگ مالز بھی بند کر دئیے جائیں گے۔