بے فیض ہوتے ہی عمران کی حکومت گر گئی:مریم نواز

بے فیض ہوتے ہی عمران کی حکومت گر گئی:مریم نواز

فتح جنگ :پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا دوسروں کو چیر ی بلاسم کہنے والا ساری زندگی خود بوٹ پالش کرتا رہا ،اب عمران خان کو اتنی تکلیف اپنی کرسی جانے کی نہیں ہے بلکہ شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کی ہے ۔

فتح جنگ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان سے عوام کی جان چھوٹ گئی ،عید کیساتھ ساتھ عوام کو عمران خان کی حکومت کے خاتمہ کی بھی مبارک ہو ،مریم نواز نے کہا جو آدمی خود ساری زندگی بوٹ پالش کرتا رہا ہوں  اس کو ہرطرف بوٹ پالش ہی نظر آتے ہیں،عمران خان نے 4سال نہ خود کوئی کام کیا نہ کسی کو کرنے دیا.

مریم نواز نے کہا عمران خان کی نیچے سے کرسی کھسکی ہے اور اوپر سے دماغ کھسک گیا ہے،عمران خان ایک دن جھوٹ بولتا ہے اور دوسرے دن اُسی کا پول بھی کھول دیتا ہے ،اس شخص نے عوام سے آٹا دال چینی تک چھین لیے ،خادم پاکستان کی حکومت آئی تو سب سے پہلے عوامی مفاد میں آٹا ،تیل ،چینی کی قیمتیں کم کیں ،شہباز شریف نے ایک دن میں بند کارخانے دوبارہ چلوا دئیے ۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا عمران خان انٹیلی جنس آفیسر کی  پوسٹنگ نہیں دینا چاہتا تھا،اب کہتا ہے کہ میرے ساتھ لانگ مارچ کیلئے اسلام آباد چلو،اب سن لو یہ لانگ مارچ نہیں گوگی مار چ ہے ،عمران خان فرح خان کو بچانے کیلئے نکلا ہے ،یہ وہ شخص ہے جو اپنی بہن کیلئے تو سامنے نہیں آیا لیکن فرح گوگی کو بچانے کیلئے خود صفائیاں دیتا پھر رہا ہے ۔

مریم نواز نے کہا عمران خان وہ شخص ہے جس کے دور میں دو روٹیاں کھانے والا ایک روٹی پر آگیا، بے فیض ہوتے ہی عمران کی حکومت گر گئی۔