امید ہے پاکستان میں سیاسی قوتیں ایک میز پر بیٹھ جائیں گی: چینی وزیر خارجہ 

امید ہے پاکستان میں سیاسی قوتیں ایک میز پر بیٹھ جائیں گی: چینی وزیر خارجہ 
سورس: Twitter

اسلام آباد : وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  پاکستان ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان اہم منصوبہ ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا  کہ امید ہےسیاسی قوتیں مذاکرات سے سیاسی استحکام کیلئے کوششیں کریں گی۔ 

 وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی چینی ہم منصب چن گانگ کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ  چین نے کشمیر سمیت ہر معاملے پر پاکستان کی حمایت کی۔ پاکستان تائیوان،  سینکیانگ،  تبت اور جنوبی چین سمیت تمام معاملات پر چین کی حمایت کرتا ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی طاقتوں کے مقابلے اور بلاک کی سیاست کے مخالف ہے۔ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ  مفید تعاون  جاری رکھیں گے۔ مذاکرات میں پاکستان اور چین تزویراتی تعلقات  کو مزید مستحکم  کرنے پر اتفاق ہوا۔ 

چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے کہا کہ گزشتہ روز صدر علوی سے ملاقات ہوئی جنہیں چینی صدر کی جانب سے تہنیت کا پیغام پہنچایا، ون چائنہ پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، چین پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور امور پر حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ میں پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوِئے، گزشتہ نومبر میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، میرے دورے کا ایک اہم مقصد پاکستان، چین ، افغان وزرائے خارجہ کے مذاکرات میں شرکت ہے، آج سہہ فریقی مذاکرات میں تینوں ممالک شرکت کریں گے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی پاکستان کے ساتھ طویل سرحد ہے، ہمسائے کہیں اور نہیں جاسکتے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان بات چیت و مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کر سکتے ہیں۔

چن گانگ نے زور دیا کہ امید ہے کہ طالبان ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے تحفظات کو سنجیدہ لیں گے اور اقدامات کریں گے، طالبان شمولیتی حکومت بنائیں گے اور سب کو حقوق دیں گے، چین اور پاکستان افغانستان کی اقتصادی حمایت کے لیے تیار ہیں، چین افغانستان اور پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی و انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے کو تیار ہے تاکہ دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے.

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان عوام کے مصائب بہت سالوں سے جاری ہیں، عالمی برادری کا فرض ہے کہ وہ افغان عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوشیش کرے، ہمارا مقصد افغانستان پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے، چین سہہ فریقی مذاکرات کرانے پر پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی ہر معاملے میں مدد کرتا رہے گا، امید ہے سیاسی قوتیں مل بیٹھ کر سیاسی استحکام کے لئے کوشش کریں گی، تاکہ پاکستان معاشی اور داخلی سطح پر ہمارے ساتھ آگے بڑھ سکے۔

مصنف کے بارے میں