Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی سلامتی پر تفصیلی بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی سلامتی پر تفصیلی بریفنگ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سروسز چیفس اور وفاقی وزراء کے ہمراہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا اہم دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر جارحانہ و اشتعال انگیز اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور تمام مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات، ہائبرڈ وار فیئر کی حکمت عملیوں، اور دہشت گرد نیٹ ورکس سے متعلق جامع معلومات فراہم کی گئیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق، اجلاس میں قومی چوکسی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا، تاکہ کسی بھی بیرونی جارحیت یا اندرونی خطرے کا فوری، فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔

وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے نے قومی مفادات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی دنیا کی سب سے منظم، پیشہ ور اور بہادر افواج میں سے ایک ہے، اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

دورے کے اختتام پر وزیراعظم اور سروسز چیفس نے وطن عزیز کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور ریاستی ادارے ہمہ وقت ملکی سلامتی، وقار اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

ٹیگز: