اسلام آباد: حکومت نے ملک میں پاسپورٹ کے حصول کو آسان اور تیز ترین بنانے کے لیے پاسپورٹ سسٹم میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب شہری بغیر کسی پریشانی کے گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے اپلائی کر سکیں گے۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی ٹیکنیکل ٹیم کے مابین ایک اہم ترین اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ کے موجودہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم کے تحت شہریوں کو یہ سہولت دی جائے گی کہ وہ دفاتر کے چکر کاٹے بغیر گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ موجودہ روایتی پالیسیوں کو نئے اور جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
نئے اقدامات کے تحت نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں (اوورسیز) کے لیے بھی پاسپورٹ کے حصول اور تجدید کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے گا۔ اجلاس کے شرکاء کو پاسپورٹ سسٹم میں کی جانے والی اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہریوں کو انتہائی آسان، تیز ترین اور شفاف سروس فراہم کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے پورے عمل کو ڈیجیٹلائز کرنے سے نہ صرف ایجنٹ مافیا اور لمبی لائنوں کا خاتمہ ہوگا، بلکہ پاسپورٹ کی تیاری اور ترسیل کا عمل بھی انتہائی تیز اور مؤثر ہو جائے گا۔