Get Alerts

لاہور میں موسم کی صورتحال میں خوشگوار تبدیلی ، سموگ کی شدت میں کمی

 لاہور میں موسم کی صورتحال میں خوشگوار تبدیلی ، سموگ کی شدت میں کمی

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں موسم کی صورتحال میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے، جس کے نتیجے میں فضا میں خنکی کا احساس بڑھ گیا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس وقت لاہور کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، پنجاب بھر میں سموگ کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 185 ریکارڈ کیا گیا، تاہم گلبرگ ٹو، برکی روڈ اور ڈی ایچ اے جیسے علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس بدستور خطرناک سطح پر ہے، جن کی قراءت بالترتیب 240، 228 اور 217 ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ کی شدت میں کمی کی وجہ شمال مغربی ہواؤں کا رخ ہے، جس کے باعث آلودہ ہوا مشرقی پنجاب اور لاہور سے باہر کی طرف دھکیل دی گئی ہے۔ اس کے نتیجے میں لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں فضائی معیار میں بہتری آئی ہے۔ تاہم، ملتان اور بہاولپور میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے ’’کلین ایئر ایکشن پلان‘‘ کے تحت سموگ کی نگرانی کے لیے جدید سسٹمز نصب کرنے کا آغاز کیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سموگ مانیٹرنگ یونٹس فعال کر دیے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔

محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر گلے یا آنکھوں میں خارش، سانس لینے میں دشواری یا کھانسی کی علامات ظاہر ہوں تو فوراً قریبی ہسپتال یا کلینک سے رجوع کریں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں اور بزرگوں کو صبح و شام کے اوقات میں کھلی فضا میں جانے سے بچائیں۔ اسی طرح پنجاب حکومت کی طرف سے ’’صاف فضا، محفوظ پنجاب‘‘ مہم کے اگلے مرحلے میں عوامی آگاہی میں مزید تیزی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ شہری سموگ کے اثرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ رہیں۔

ٹیگز: