سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، 100انڈیکس 800پوائنٹس گرگیا

سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، 100انڈیکس 800پوائنٹس گرگیا
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی :پاکستان سٹاک ایکس چینج میں اسٹیٹ بینک کے پاس زر مبادلہ کے ذخائر 8ارب ڈالر سے کم ہو نے،معیشت کے بارے میں منفی خبریں اور اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے بڑھنے والی سیاسی کشیدگی سے گزشتہ روز بدترین مندی کے باعث 100انڈیکس 800پوائنٹس گھٹ گیا اور مارکیٹ 40ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر 39200 پوائنٹس کی کم سطح پر آگئی۔


مندی کے سبب مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 184ارب روپے کی کمی ہوئی جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 82 کھر ب روپے سے گھٹ کر 80کھر ب روپے کی سطح پر آگیا اور کئی چھوٹے سرمایہ کار دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گئے۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز مارکیٹ میں مندی کے بادل چھائے رہے، انسٹی ٹیوشنز اور بروکریج ہاﺅسز کی جانب سے اسٹاکٹس میں فروخت کے دباﺅ نے مارکیٹ کو تنزلی سے دوچار کئے رکھا اور کاروباری تیزی کیساتھ نیچے گرتا چلا گیا۔

مندی کی بڑی لہر کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے سرمائے کے انخلا کو بھی ترجیح دی جس کی وجہ سے مارکیٹ منفی زون میں بند ہوئی۔