اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عمر ایوب، زرتاج گل اور شیخ وقاص اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ انہیں گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔
سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ سماعت کے دوران عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت نے مسترد کر دی۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام ملزمان ایک مرتبہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے وکلاء سردار محمد مصروف خان، آمنہ علی اور مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔