کوالالمپور : وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، جو ان دنوں ملائیشیا کے سرکاری دورے پر ہیں، نے پیر کو وزیراعظم آفس "پردانا پترا" میں ملائیشیا کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ پردانا پترا آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کو سرکاری استقبالیہ دیا گیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے گزشتہ سال اکتوبر میں انور ابراہیم کے پاکستان کے دورے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص اقتصادی اور تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، حلال انڈسٹری، آٹوموٹیو، گرین انرجی، الیکٹرانک مینوفیکچرنگ، سیاحت، اعلیٰ تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور زراعت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر بات چیت کی۔
پاکستان سے ملائیشیا کو حلال گوشت کی برآمدات کا کوٹہ 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق ہوا، جبکہ چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازعے کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کے موقف کی حمایت اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلے کے حل پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ (UN)، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور دیگر عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کو آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر مبارکباد دی اور آسیان کے ساتھ پاکستان کے مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کے لیے ملائیشیا کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے بعد دونوں وزرائے اعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔ ان میں سیاحت، اعلیٰ تعلیم، حلال سرٹیفیکیشن، بدعنوانی کی روک تھام اور ایس ایم ایز کے فروغ کے معاہدے شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم انور ابراہیم کی کتاب "سکرپٹ" کی رونمائی کی گئی، جو قیادت کے حوالے سے ان کے خیالات پر مبنی ہے۔ بعد ازاں ملائیشیا کے وزیراعظم کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔