Get Alerts

نواز شریف اور مریم نواز سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

نواز شریف اور مریم نواز سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

لاہور  :  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران نواز شریف اور مریم نواز شریف نے یو اے ای کے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے یو اے ای کی دور اندیش قیادت، سائنسی ترقی اور ماحول دوست وژن کو سراہا۔

نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات محض سفارتی نہیں، بلکہ دلوں کا رشتہ ہیں جو ہر آزمائش میں پورا اترا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور اعتماد کا رشتہ مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تعلیم، تحقیق، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے یو اے ای کے ساتھ سرکاری و سفارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کو قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں نمایاں جدت لائی جا رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے یو اے ای کے سرمایہ کاروں، اداروں اور کاروباری برادری کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بزنس فرینڈلی ماحول قائم کیا گیا ہے، جو اسے سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام بناتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مفید بنایا جائے گا۔

ٹیگز: