لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے کام کرنے سے مخالفین کو تکلیف ہوتی ہے اور سیلاب متاثرین کے خلاف پلانٹڈ مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی مسلسل پریس کانفرنسز کو "گھٹیا سیاست" قرار دیا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ "جب پنجاب پر مشکل وقت آیا تو ایک ٹولے نے سیاست کی۔ مریم نواز کا اتنا پریشر ہے کہ مخالفین اتوار کو بھی چھٹی نہیں کرتے۔ پیپلزپارٹی ہر بات پر مرسو مرسو کرتی ہے، ہم بھی کہتے ہیں مرسو مرسو پانی نہ دیسوں۔"
وزیر اطلاعات نے پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے مناظرے کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ "آئیں سامنے بیٹھ کر بات کریں۔ کاش مرتضیٰ وہاب کراچی کی ٹوٹی سڑکوں، امن و امان پر بھی پریشان ہوں۔"
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے اور صوبے کی خدمات کو سب کو تسلیم کرنا چاہیے۔