کوالالمپور: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کوالالمپور میں منعقدہ پاک-ملائیشیا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، خاص طور پر آئی ٹی، ٹیکنالوجی، آئل اینڈ گیس اور سیاحت کے شعبوں میں دونوں ملکوں کی کمپنیوں کے درمیان اشتراک سے ترقی کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
وزیراعظم نے فورم میں شریک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کے لیے سازگار اور آسان ماحول فراہم کرنا ہے، نہ کہ خود کاروبار کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو معیشت میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی تعلقات کو معاشی شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے، اور اس سلسلے میں حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے کاروباری ادارے اور سرمایہ کار مل کر کام کریں۔
انور ابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کمپنیوں کے لیے ملائیشیا کے دروازے کھلے ہیں اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ دوطرفہ معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکے۔