اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے شدید اور جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں آپس میں الجھیں تو صوبائیت کی بو پھیل سکتی ہے، جو ملک کے مفاد کے خلاف ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ "ہم وفاق کو کمزور کرنے والے نہیں بلکہ پاکستان کو مضبوط بنانے والے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا، "پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، صوبوں کے حقوق کا احترام ہمارا فرض ہے، لیکن ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست قابل قبول نہیں۔" انہوں نے بعض سیاسی بیانات پر گہرا دکھ ظاہر کیا اور کہا کہ ایسے بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے تاکہ ملک میں انتشار نہ پھیلے۔
اجلاس کے دوران کشیدگی بڑھ گئی اور پیپلز پارٹی نے احتجاجاً قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کر دیا۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ وہ صوبائی حقوق اور خودمختاری پر قائم ہے مگر اس کا مقصد ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانا نہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے زور دیا کہ "ہم پاکستان کے استحکام کے لیے کام کرتے رہیں گے اور صوبوں کے حقوق کے تحفظ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔" قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کے بعد سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔