یوم دفاع،واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقاریب

یوم دفاع،واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقاریب

واہگہ،قصور:  یوم دفاع کے موقع پر واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ والا بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقاریب ہوئیں ۔ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر للکارتے رینجرز جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا۔  اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے پاکستانی بھی ارض پاک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ناکوں چنے چبوانے کا پیغام دیتے رہے۔

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب نے دن کو مزید یادگار بنا دیا۔ قدم سے قدم ملاتے، مکے اور بازو دکھاتے رینجرز کے جوان جب جب زیرو لائن کی جانب بڑھے، دشمن پر لرزہ طاری کرتے رہے۔ تقریب میں شہریوں کا جوش و خروش بھی عروج پر رہا۔ کوئی سبز ہلالی پرچم اٹھائے آیا تو کسی نے فلک شگاف نعرے لگا کر دلوں کو گرمایا۔ پاکستان زندہ باد، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے دشمن کو ارض پاک کی جانب اٹھنے والی کسی میلی آنکھ کو نکال پھینکنے کا پیغام بھی دیتے رہے۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور ملی نغموں کی گونج بھی پاکستانیوں کے عزم و استقلال کی ترجمانی کرتی رہی۔تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی پریڈ دیکھنے والوں میں نوجوان خواتین بچے اور بوڑھے شامل تھے اس موقع پر عوام کا جوش و خروش دیدنی تھا تقریب میں موجود عوام پرجوش تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے پنڈال میں موجود افراد قومی پرچم لہراتے رہے اس موقع پر فضاء میں اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے رینجرز کے جوانوں میں رعب و دبدبا اور روایتی جوش وجذبے سے سرشار تھے نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے فضاء گونجتی رہی۔

ادھر گنڈا سنگھ والا بارڈر پر بھی پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب ہوئی۔ پرجوش رینجرز جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔