لاہور / مظفر گڑھ / جھنگ: دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب گزر رہا ہے جس کے نتیجے میں مظفر گڑھ، جھنگ اور خانیوال کے کئی دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔ دو آبہ فلڈ بند اور شیر شاہ فلڈ بند کو بچانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے ستلج اور راوی میں بھی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 53 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ راوی پر ہیڈ بلوکی میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں بہاؤ 1 لاکھ 57 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔
سیلابی ریلوں کے باعث مظفر گڑھ اور ڈی جی خان قومی شاہراہ کا ایک ٹریک پانی میں ڈوب گیا ہے، جبکہ محمد والا کے نواحی علاقوں میں بھی پانی بھر چکا ہے۔
لیاقت پور میں قائم نور والا فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرین جانوروں کے چارے، ادویات اور خیموں کی کمی کا شکار ہیں، جس پر مقامی آبادی نے انتظامیہ سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔
دریائے سندھ پر بھی پانی کی سطح بلند ہے۔ گڈو بیراج پر 3 لاکھ 60 ہزار، سکھر بیراج پر 3 لاکھ 29 ہزار اور کوٹری بیراج پر 2 لاکھ 37 ہزار کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے متعلقہ اضلاع میں ریلیف اور انخلا کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔