لاہور،کراچی، اسلام آباد: 6 ستمبر، یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا اور مسلح افواج نے 61ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 6 ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم کے اتحاد اور مادرِ وطن کے دفاع کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ شہداء عزت، فرض شناسی اور قربانی کے اعلیٰ ترین اصولوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق میدانِ جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں پاکستان کے محافظوں کی نسلوں نے قوم کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ ان کے اہلِ خانہ صبر، استقامت اور حوصلے کی روشن مثال ہیں۔
مسلح افواج نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔