راولپنڈی :فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر پوری قوم کو عید کی خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، عسکری قیادت نے اس بابرکت دن پر ملک میں دیرپا امن، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کا دن ہمیں قربانی، ایمان اور باہمی یکجہتی کا درس دیتا ہے، اور افواجِ پاکستان ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمیشہ کی طرح پرعزم ہیں۔
اس موقع پر مسلح افواج کی جانب سے شہدائے پاکستان کے اہلِ خانہ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وطنِ عزیز کی بنیادوں کو شہدا کے پاک خون اور عظیم قربانیوں نے مزید مضبوط کیا ہے، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔