لاہور:یومِ دفاع پر قومی ہیروز کو سلامِ عقیدت، نشانِ حیدر پانے والے عظیم شہداء کے مزارات اور یادگاروں پر دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ گجرات میں میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر میجر جنرل اظہر یاسین نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
محفوظ آباد میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید جبکہ راولپنڈی میں سوار محمد حسین شہید کے مزارات پر بھی دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں۔ گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
جہلم میں میجر محمد اکرم شہید کے مزار پر بھی دعائیہ تقریب ہوئی، جہاں میجر جنرل سردار محمد طارق خان نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
صوابی میں آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے کرنل شیر خان شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ بورے والا میں میجر جنرل آصف عزیز نے میجر طفیل محمد شہید کے مزار پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ غذر میں بھی حوالدار لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
یومِ دفاع کے موقع پر قوم نے وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو سلام پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔