اسلام آباد : کارگل جنگ کے ہیرو، نشانِ حیدر پانے والے حوالدار لالک جان شہید کا 26واں یومِ شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے شہید کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لالک جان شہید نے 1999ء میں کارگل کے محاذ پر دشمن کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی پوسٹ خالی کرنے سے انکار کیا اور آخری دم تک وطن کی مٹی کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قوم اور افواجِ پاکستان ان کی عظیم قربانی کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتی ہیں۔ لالک جان شہید کی جرأت، وفاداری اور قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شہداء کی یہ مقدس امانت ہمیشہ قائم رہے گی اور افواجِ پاکستان مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنے مشن کو عزم، غیرت اور دلیری کے ساتھ جاری رکھیں گی۔