اسلام آباد : کارگل جنگ کے عظیم ہیرو، حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کی 26ویں برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر سیاسی و عسکری رہنماؤں نے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روک دیے اور اپنی جان کو وطن کی حفاظت کے لیے نذر کر دیا۔ انہوں نے شہید کی بے مثال بہادری اور حب الوطنی کو ہمیشہ یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ لالک جان کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے جرأت اور جذبے کی روشن مثال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حوالدار لالک جان کی شجاعت، دلیری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر وطن کی حفاظت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہید کی قربانی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے اور پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حوالدار لالک جان کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی داستان شجاعت اور قربانی تاریخ کا روشن باب ہے، جو ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی شدید گولہ باری میں زخمی ہونے کے باوجود مورچہ نہ چھوڑنے والے یہ سپاہی قومی وقار اور استحکام کی علامت ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہید لالک جان کی جرات نے ثابت کر دیا کہ قومیں اپنے شہداء کے جذبے سے ہی کامیاب ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید پاکستان کا ہیرو ہے اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔