اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں پاکستان اور مصر کے دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے اسحاق ڈار کو دوطرفہ مشاورت کے لیے مصر کے دورے کی دعوت دی، جسے نائب وزیراعظم نے سراہا۔
دریں اثنا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے تعزیت اور شاہی خاندان و ناروے کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دونوں ٹیلیفونک رابطوں میں باہمی تعلقات کے فروغ اور اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔