پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کو آئندہ سال جنوری میں منعقد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور لیگ کی آٹھ فرنچائزز کے مالکان کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق یکم ستمبر کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں بھی لیگ کی ونڈو تبدیل کرنے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ میڈیا رائٹس ہولڈر نے اپریل، مئی کے بجائے جنوری میں پی ایس ایل کرانے کی تجویز پیش کی، جس کی ایک وجہ موجودہ ونڈو میں محدود اشتہاری آمدن کو قرار دیا گیا ہے۔
تاہم جنوری میں لیگ کے انعقاد کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک اہم مسئلہ بن سکتی ہے، کیونکہ اسی دوران بگ بیش لیگ اور جنوبی افریقا کی لیگ بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔
اجلاس میں پنجاب میں سردی اور دھند کے باعث جنوری اور فروری میں میچز کے انعقاد سے متعلق خدشات بھی زیرِ بحث آئے۔ ممکنہ طور پر لیگ کا آغاز کراچی سے کرکے بعد کے میچز پنجاب اور پشاور میں کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
گورننگ کونسل نے پی ایس ایل کو سال بھر سرگرمیوں سے جوڑنے، پاکستان میں ای سپورٹس کے شعبے میں قدم رکھنے اور نوجوان شائقین کی دلچسپی بڑھانے سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ سال کے وسط میں ایک اضافی ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے، جس سے فرنچائزز اور براڈکاسٹرز کے لیے آمدن کے مزید مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔